جموں، 3 ؍اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )جنگ بندی کی پھر سے خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستانی فوجیوں نے آج جموں و کشمیر کے پونچھ ضلع میں کنٹرول لائن سے متصل پیشگی علاقوں میں فائرنگ کی۔ایک پولیس افسر نے بتایاکہ پونچھ ضلع کے شاہ پور سیکٹر کے پیشگی علاقوں میں زبردست گولہ باری چل رہی ہے۔فائرنگ آج صبح تقریبا پونے گیارہ بجے شروع ہوئی اور ابھی بھی جاری ہے۔حکام نے بتایا کہ اس سے پہلے رات کے تقریبا ایک بجے پاکستانی فوجیوں نے پونچھ ضلع کے کرشن گٹی سیکٹر میں مختصر فائرنگ کی تھی۔گزشتہ 16؍گھنٹوں میں پاکستان کی جانب سے تیسری بار جنگ بندی کی خلاف ورزی کی گئی ہے اور سرجیکل حملے کے بعد آٹھویں بار ایسا کیا گیا۔پاکستان نے کل جموں کے پلن والا پیشگی علاقوں میں فائرنگ کی اور گولے داغے۔یکم اکتوبر کو اسی سیکٹر میں چھوٹے ہتھیاروں سے فائرنگ کے درمیان پاکستانی فوجیوں نے ہندوستانی چوکیوں اور رہائشی علاقوں میں مارٹر بم، آرپی جی ایس اور ایچ ایم جی ایس داغے تھے ۔اس سے پہلے30؍ستمبر کو پاکستانی فوجیوں نے جموں ضلع کے اکھنور سیکٹر کے پلن والا، چھپریال اور سمنام علاقوں میں کنٹرول لائن پر چھوٹے ہتھیاروں سے فائرنگ کی تھی ۔اس سے ایک دن پہلے پاکستانی فوجیوں نے منڈھیر سیکٹر کے بلنوئی علاقے میں فائرنگ کی۔پاکستانی فوج نے 28؍ستمبر کو پونچھ ضلع کے سبزیاں علاقے میں ہندوستانی چوکیوں پر فائرنگ کرکے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی تھی۔رواں مہینہ کی شروعات میں بھی پاکستانی فوج نے مختلف سیکٹروں میں ہندوستانی چوکیوں پر فائرنگ کرکے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی تھی۔گزشتہ سال پاکستان کی جانب سے 405بار جنگ بندی کی خلاف ورزی کے واقعات پیش آئے تھے ۔ان واقعات میں 16شہریوں کی موت ہو گئی تھی جبکہ 71افراد زخمی ہوئے تھے۔